ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منی پور تشدد پر کانگریس لیڈروں نے صدر جمہوریہ کے سامنے رکھے 12مطالبات

منی پور تشدد پر کانگریس لیڈروں نے صدر جمہوریہ کے سامنے رکھے 12مطالبات

Wed, 31 May 2023 11:07:09    S.O. News Service

نئی دہلی، 31/مئی(ایس او نیوز/ایجنسی)منی پور میں حالات انتہائی کشیدہ ہیں - رہ رہ کر تشدد کے واقعات سامنے آ رہے ہیں - امن و امان بحال کرنے کی کوششیں لگاتار ہو رہی ہیں، لیکن کچھ مقامات سے تشدد کی خبریں لگاتار آ رہی ہیں - تشدد میں درجنوں افراد کی جانیں جا چکی ہیں - کشیدہ حالات کے درمیان آج مرکزی حکومت نے متاثرہ کنبوں کو معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے- لیکن مرکز کے ذریعہ منی پور معاملے پر فوری سرگرمی نہ دکھائے جانے سے اپوزیشن پارٹی کانگریس سخت ناراض ہے- آج اس سلسلے میں کانگریس کے سرکردہ لیڈروں پر مشتمل ایک نمائندہ وفد نے صدر جمہوریہ دروپدی مرمو سے ملاقات کی اور ایک اعلیٰ سطحی جانچ کمیشن کی تشکیل کا مطالبہ سامنے رکھا-

منگل کے روز بوقت دوپہر کانگریس صدر ملکارجن کھرگے،پارٹی لیڈروں کے ایک وفد کے ساتھ نئی دہلی میں واقع راشٹرپتی بھون پہنچے اور منی پور کے موجودہ حالات پر صدر جمہوریہ کے سامنے اپنی بات رکھی- کانگریس لیڈروں نے بعد میں بتایا کہ منی پور کے بگڑتے حالات کو قابو میں کرنے کیلئے انھوں نے صدر دروپدی مرمو سے ملاقات کی اور انھیں ایک عرضداشت سونپی- کانگریس نے عرضداشت میں سپریم کورٹ کے موجودہ جج یا سبکدوش جج کی صدارت میں ایک اعلیٰ سطحی جانچ کمیشن کی تشکیل سمیت 12مطالبات رکھے ہیں -

دوسری طرف مرکزی اور منی پور کی ریاستی حکومت نے ریاست میں نسلی تشدد کے دوران ہلاک ہونے والوں کے کنبوں کو 10لاکھ روپے معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے- ساتھ ہی فساد میں مرنے والوں کے کنبوں کے ایک رکن کو ملازمت دینے کا بھی وعدہ کیا گیا ہے- افسروں نے بتایا کہ معاوضہ کی رقم مرکزی اور ریاستی حکومت یکساں طور پر برداشت کرے گی-

اس درمیان افسروں نے بتایا کہ افواہوں کی وجہ سے ریاست میں لگاتار تشدد میں اضافہ ہوا ہے-جب بھی امن و امان قائم ہوتا ہے تو کوئی نہ کوئی غلط جانکاری دے کر بدامنی پھیلا دیتا ہے- اس لیے اب افواہ پھیلانے والوں پر شکنجہ کسنے کیلئے ایک ٹیلی فون نمبر بھی جاری کرنے کا فیصلہ لیا گیا ہے-


Share: